11 دسمبر 2015 کو مائیکرو فنانس فوکس گروپ کی SBP-BSC کے ساتھ ملاقات کے بعد خوشحالی بینک/ FMFB نے ٹٹے پور کے قریب بستی گجراں میں ممرہ چوک میں ایک آگہی پروگرام کا انعقاد کیا.۔ مائیکرو فنانس بینکوں کے تمام ایریا منیجرز کو بھی دعوت دی گئی تھی۔ اس نشست کا مقصد مائیکرو فنانس بینکوں کی جانب سے دیہی علاقوں کے لوگوں کے لیے پروڈکٹس اور خدمات کے بارے میں شعور پیدا کرنا تھا۔ ان بینکوں کی پروڈکٹس / خدمات کے بارے میں شرکاء کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات کے فوری جوابات دیئے گئے۔ اس کے علاوہ اس نشست نے دستیاب مالیاتی خدمات تک رسائی کے لیے لوگوں اور مائیکرو فنانس بینکوں کے باہمی رابطے کا مقصد بھی پورا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے SBP, BSC ملتان کے چیف منیجر ملک اشرف کھوکھر نے شرکاء کو بتایا کہ روایتی بینکوں کی طرح مائیکرو فنانس بینکوں کو بھی SBP لائسنس جاری کرتی ہے اور ان کی نگرانی کرتی ہے اس لیے ان بینکوں کی پروڈکٹس اور خدمات سے فائدہ اٹھانے کے لیے ان میں اکاؤنٹ کھولنے میں کوئی خطرہ نہیں ہے۔ یہ بینک خاص طور پر پسماندہ آبادی کو مالیاتی رسائی فراہم کرنے کے لئے بنائے گئے ہیں جن کی عام طور پر بینکنگ کے روایتی نظام تک رسائی نہیں ہوتی۔
یہ ایک منفرد نشست تھی جس میں SBP کے اہلکاروں نے مائیکرو فنانس بینکوں کی روایتی بینکوں کی حیثیت سے حوصلہ افزائی اور پروموشن کی اور ان بینکوں کی کارکردگی سے متعلق اعتماد اور تاثر کو بہتر بنانے میں بھی مدد فراہم کی۔ اس نشست نے عوام کی سمجھ کے لئے تمام مائیکرو فنانس بینکوں کو نمایاں کیا اور ایک واضح پیغام دیا گیا کہ تمام مائیکرو فنانس بینک ضرورت کے مطابق انتخاب کی آزادی کے ساتھ مختلف خدمات اور پروڈکٹس کے ذریعے عوام کو مالیاتی رسائی فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ خوشحالی بینک کی برانچیں اس تقریب سے صارفین کی آگہی کے حوالے سے استفادہ حاصل کریں گی اور مستقبل میں کاروبار پر اچھے اثرات مرتب کریں گی۔