یونائیٹڈ اسٹیٹ ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈیولپمینٹ (USAID) کے اشتراک سے خوشحالی بینک لمیٹڈ نے یکم ستمبر 2008 کو کراچی میں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (IBA) میں زیرِ تعلیم فاٹا سے تعلق رکھنے والے دو طالب علموں کو میرٹ کی بنیاد پر اسکالرشپس دیں۔
فاٹا سے تعلق رکھنے والے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (IBA) کے طالب علموں کو یہ اسکالرشپس یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران کراچی میں امریکی کونسلیٹ کی کونسل جنرل مسز کے اینسک اور خوشحالی بینک کے صدر جناب غالب نشتر کی جانب سے پیش کی گئیں۔ اس تقریب میں IBA کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عشرت حسین، فیکلٹی کے ارکان اوردیگر طلباء نے بھی شرکت کی۔
USAID کے اشتراک سے خوشحالی بینک نے ملک کی بڑی یونیورسٹیوں میں اسکالرشپس کا پروگرام 2005 میں شروع کیا تھا۔ یہ پروگرام سندھ، بلوچستان اور فاٹا کے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے قابل طلباء کو تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ اپنے محدود مالی وسائل کے باوجود یہ طالب علم اپنا ڈگری پروگرام مکمل کریں۔
یہ اسکالرشپس میرٹ کی بنیاد پر ان طلباء کو دی جاتی ہیں جو ہر یونیورسٹی کی جانب سے مقرر کردہ معیار کے مطابق ڈگری پروگرام میں داخلے کے اہل ہوتے ہیں. ان اسکالرشپس میں ٹیوشن اور امتحانات کی فیس کے علاوہ کورس سے متعلق مواد اور کتب اور طعام و قیام کے اخراجات بھی شامل ہوتے ہیں ۔