Submitted by adminkmbl on Wed, 07/07/2021 - 16:41
Press default
توانائی کے قابل تجدید حل فراہم کرنے کے لئے خوشحالی بینک اور SRE SOLUTIONS کے درمیان معاہدہ
04 Feb, 2014

پاکستان کے سب سے بڑے مائیکرو فنانس بینک خوشحالی بینک نے جمعرات کو SRE Solutions (Smart and Renewable Solutions) Pvt. Limited – گھر اور کاروبار کے لئے شمسی توانائی سے چلنے والے آلات کی ماہر فرم – کے ساتھ ویلیو چین فنانسنگ کے ایک معاہدے پر دستخط کئے. خوشحالی بینک 'سولر میجک باکس' – ایک سستی اور فوری کام کرنے والی ایجاد جسے ملک کے بجلی سے محروم علاقوں میں گھروں اور چھوٹے کاروباری اداروں میں بجلی پیدا کرنے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے – کے مختلف ماڈلز کے لئے رقم فراہم کرے گا. معاہدے پر خوشحالی بینک کے صدر، غالب نشتر اورSRE Solutions Pvt. Limited کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، فخر خلیفہ نے اسلام آباد میں دستخط کئے.

اس موقع پر خوشحالی بینک کے صدر غالب نشتر نے کہا، " SRE Solutionsکے ساتھ یہ معاہدہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ ایک اہم وقت پر کیا گیا ہے. دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے توانائی کے مسائل کے حل اور ان کی کاروباری سرگرمیوں میں تعاون کے لئے SRE Solutions اور خوشحالی بینک مل کر کام کریں گے." صدر غالب نشتر نے مزید کہا، "شمسی توانائی ایک قابل تجدید ذریعہ توانائی ہے اور توانائی کے متبادل ذرائع کی تلاش ملک کے لئے بھی اہم ترجیح ہے."

SRE Solutions کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فخر خلیفہ نے خوشحالی بینک جیسے اداروں کے ساتھ شراکت کے ذریعے محروم کاروباری افراد کو شمسی توانائی کے بین الاقوامی معیار کے سستے اور موثر حل فراہم کر کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرنے کے اپنے عزم کو دوہرایا.

خوشحالی بینک مارکیٹ کے غریب اور پسماندہ طبقے کے لئے جدید پروڈکٹس متعارف کروانے کے لئے سرگرم عمل ہے جو پاکستان کی آبادی کی اکثریت کو اقتصادی مواقع فراہم کرتی ہیں.