انٹرنیشنل ویمنز ڈے کے موقع پر خوشحالی بینک کے عملے کی خواتین نے Miracles Paper کی ایک رنگا رنگ اور دلچسپ زیورات بنانے کی ورکشاپ میں شرکت کی. زیورات کے لئے خام مال جو کاغذ کی مخصوص شکل میں کاٹی ہوئی باریک پٹیوں سے تیارکردہ موتیوں پر مشتمل تھا Miracles Paper نے فراہم کیا تھا اور ان کے عملے نے ہر قدم پر شرکاء کی راہنمائی کی کہ کاغذ سے موتی کیسے بنائے جاتے ہیں اور انہیں کیسے خوبصورت بریسلیٹس اور نیکلسیس میں تبدیل کیا جاتا ہے. خواتین نے اس سرگرمی میں بھرپور شرکت کر کے 2005 کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جن کے لئے Miracles Paper نے بنیادی طور یہ پراجیکٹ شروع کیا تھا.
Miracles Paper کے بارے میں: 2005 کے زلزلے نے پاکستان بھر میں ہزاروں گھرانوں کو تباہ کیا. اس آفت کے نتیجے میں اپاھچ ہونے والی خواتین کے ایک گروپ نے، جنہیں ان کے خاندان نے تنہا چھوڑ دیا تھا، گولڑہ گاؤں، اسلام آباد کے قریب ایک شیلٹر ہوم میں پناہ لی. مفلوج ہونے اور خاندان کی طرف سے ترک تعلق کے بعد ان خواتین کے پاس روزگار کا کوئی ذریعہ نہیں تھا. صدمے کے باوجود ان خواتین نے اپنی زندگی دوبارہ تعمیر کرنے کے لئے ایک مثبت رویے کے ساتھ آگے بڑھنے کے لئے مضبوط عزم کا اظہار کیا. ان کی ہمت سے متاثر ہو کر روٹری کلب آف اسلام آباد رینائسنس (RCIR) کی ممبران نے شیلٹر ہوم میں ذریعہ روزگار کے طور پر کاغذ کے موتی بنانے کا کام متعارف کروایا. Miracles Paper خواتین کے لئے پائیدار روزگاراور ترقی کو فروغ دیتا ہے تاکہ وہ اس کی بنیاد پر اپنے تحفظ کے لئے زیادہ خود مختاری اور اعتماد حاصل کر سکیں.